اسلام آباد، صدر آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی اور تحریکِ عدم اعتماد کی منظوری دے دی ہے، پیپلز پارٹی نے خطے میں اپنی حکومت بنانے کا باضابطہ فیصلہ کرلیا۔
ایوانِ صدر اسلام آباد میں صدرآصف علی زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا،جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، چوہدری یاسین، لطیف اکبر، سردار یعقوب اور دیگرارکان شریک ہوئے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس کے پہلے سیشن کی صدارت بلاول بھٹو زرداری نے کی جبکہ دوسرا سیشن صدر آصف زرداری کی زیر صدارت ہوا۔
مولانا فضل الرحمان سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق کو عہدے سے ہٹانے اور نئی حکومت کے قیام کی حکمتِ عملی پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
صدر آصف زرداری نے آزاد کشمیر میں تحریکِ عدم اعتماد لانے کی منظوری دیتے ہوئے پارٹی قیادت کو حکومت سازی کا اختیار دے دیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے رہنما چوہدری یاسین نے کہا کہ پارٹی نے حکومت بنانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، نئے وزیراعظم کا فیصلہ قیادت کرے گی، بلاول بھٹو زرداری پیر کے روز آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ عظمیٰ کے لیے چوہدری یاسین، لطیف اکبر اور سردار یعقوب مضبوط امیدوار ہیں۔
پیپلز پارٹی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اگر وزیراعظم انوارالحق مستعفی نہ ہوئے توتحریکِ عدم اعتماد کیلئے ارکان کی تعداد پوری ہے۔
