پاکستان سے انڈوں کی امریکا سمیت دنیا بھر کے ممالک میں برآمدات میں شاندار اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو ملکی معیشت کے لیے ایک حوصلہ افزا خبر قرار دی جا رہی ہے۔
محکمہ قرنطینہ حیوانیات کے مطابق رواں مالی سال 25-2024 میں پاکستان نے پہلی بار امریکا کو بھی انڈوں کی ایکسپورٹ شروع کی ہے۔ یکم جولائی 2025 سے اب تک امریکا کو 18 لاکھ 99 ہزار 240 درجن انڈے بھیجے جا چکے ہیں، جن کی مالیت 23 لاکھ 70 ہزار ڈالر بنتی ہے۔
پاکستان سے متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، صومالیہ اور افغانستان سمیت دیگر ممالک کو بھی انڈے برآمد کیے جا رہے ہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق:
متحدہ عرب امارات کو 17 لاکھ 23 ہزار ڈالر کے انڈے ایکسپورٹ کیے گئے۔ ہانگ کانگ کو 5 لاکھ 44 ہزار ڈالر، بحرین کو 32 لاکھ 950 ڈالر، کویت کو 31 لاکھ 654 ڈالر، صومالیہ کو 2 لاکھ 41 ہزار ڈالر جب کہ افغانستان کو 10 لاکھ 70 ہزار ڈالر کے انڈے برآمد کیے گئے۔
محکمہ کے مطابق پاکستان سے مائع شکل میں انڈوں کی ایکسپورٹ بھی جاری ہے۔ مالی سال 25-2024 میں 1169 میٹرک ٹن مائع انڈے برآمد کیے گئے، جن کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار 930 ڈالر رہی۔
مائع شکل میں برآمد کیے جانے والے انڈے بحرین، مصر، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو بھیجے گئے۔
گزشتہ مالی سال 24-2023 کے مقابلے میں رواں مالی سال میں انڈوں کی ایکسپورٹ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 24-2023 میں انڈوں کی ایکسپورٹ 14 لاکھ ڈالر تھی، جبکہ رواں سال یہ بڑھ کر 18 لاکھ 25 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق انڈوں کی برآمدات میں یہ اضافہ نہ صرف پولٹری انڈسٹری کے لیے مثبت پیش رفت ہے بلکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا باعث بھی بن رہا ہے۔
مزید پڑھیں:
درآمدات، برآمدات میں اضافہ ،رواں ماہ مہنگائی کی شرح ڈیڑھ سے 2 فیصد رہنے کا امکان
