راولپنڈی: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اڈیالہ جیل جانے نہ دینے پر دھرنا دے دیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جانے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے انہیں اڈیالہ جیل جانے سے روک دیا۔
سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل جانے نہ دینے پر کارکنان کے ہمراہ اڈیالہ روڈ داہگل ناکے پر دھرنا دے دیا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل ملاقاتوں کے آرڈر پر عملدرآمد کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ملاقاتوں کے حوالے سے عدالتی فیصلے پر فوری عمل یقینی بنائیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں سکیورٹی پالیسی آرڈرز کے مطابق کرائی جائیں، عدالت نے 24 مارچ کے عدالتی فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ملاقاتوں کیلیے جاری شدہ اجازت ناموں اور طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
مزید پڑھیں:جی ایچ کیو حملہ کیس ، 13 گواہان کے بیانات دوبارہ ریکارڈ کرنیکی عمران خان کی درخواست منظور
علاوہ ازیں عدالت نے آئندہ بھی ملاقاتوں کے لیے اجازت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام اقدامات قانون اور سکیورٹی ضوابط کے مطابق کیے جائیں۔
