اسلام آباد: پاکستان تے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شاندانہ گلزار کے خلاف مقدمہ نمبر296/2025 درج کیا۔ ملزمہ پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ریاست مخالف مواد پھیلانے کا الزام ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے متعدد جعلی اور گمراہ کن ٹوئٹس اور ویڈیوز شیئر کیں۔ ان مواد میں ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز اور اشتعال انگیز بیانات شامل تھے۔ ملزمہ کے ٹوئٹس سے نسلی اور لسانی نفرت کو ہوا دینے کی کوشش کی گئی۔
شاندانہ گلزار نے وزیر اعظم پاکستان سے متعلق جعلی تصویر اور غلط معلومات پھیلائیں۔ انہوں نے جھوٹی خبر میں اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کا الزام لگایا۔ اور جھوٹی خبر سے عوام میں خوف، بے چینی اور ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی پھیلائی گئی۔
تحقیقات میں ثابت ہوا کہ ملزمہ نے دانستہ طور پر فیک نیوز کے ذریعے ریاست مخالف بیانیہ آگے بڑھایا۔ ملزمہ کے خلاف سیکشن 11، 20 اور 26 اے آف پی ای سی اے 2016 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت پنجاب کا انتہا پسندوں، بدمعاشوں اور غیرقانونی رہائشیوں کیخلاف زمین تنگ کرنے کا اعلان
ریاست مخالف مہم کے پیچھے دیگر عناصر اور معاونین کی تلاش کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
