راولپنڈی: جنوبی افریقہ کے کرکٹر کگیسو ربادا نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شاندار اننگز کھیل کر 119 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل میں جنوبی افریقہ نے پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔
پاکستان کی پہلی اننگز کے 333 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی بیٹر کگیسو ربادا 11ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے۔ اور ٹیسٹ میچ کے دوران دھواں دھار بیٹنگ کر ڈالی۔ انہوں نے 61 گیندوں پر 71 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو پاکستان پر سبقت دلا دی۔
کگیسو ربادا اپنی اننگز کے دوران 4 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ ربادا نے دسویں وکٹ کے لیے متھوسامے کے ساتھ 98 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی۔
جنوبی افریقی بیٹر کی شاندار اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 404 رنز اسکور کیے اور 71 رنز کی اہم برتری حاصل کی۔ ربادا نے ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے 11 ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے بڑا انفرادی اسکور کا 119 سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا۔
رباڈا سے قبل جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں 11ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ انفرادی اسکور کا ریکارڈ برٹ وولگر کے نام تھا۔ جنہوں نے 1906 میں انگلینڈ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ناقابلِ شکست 62 رنز بنائے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹیسٹ، دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان کے 94 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ، 23 رنز کی برتری حاصل
ٹیسٹ کرکٹ میں 11ویں نمبر کے بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ آسٹریلیا کے ایشٹن ایگر کے پاس ہے۔ جنہوں نے 2013 میں ایشیز سیریز ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف 98 رنز بنائے تھے۔
