لاہور، وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں ٹریفک وارڈنز کی وردی تبدیل نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے موجودہ یونیفارم برقرار رکھنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے چارماہ قبل ٹریفک وارڈنزکی نئی وردی متعارف کرانے کی منظوری دی تھی تاہم اب حتمی مشاورت کے بعد اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ روز ہلکے براؤن رنگ کی نئی وردی کا نمونہ پیش کیے جانے کے بعد دونوں یونیفارمزکا موازنہ کیا اورموجودہ یونیفارم برقراررکھنے کا حکم دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب موجودہ وردی کی مزید خریداری کے لیے ورکنگ شروع کردی گئی ہے، پنجاب بھرکے وارڈنز کیلئے تقریباً 14 ہزارنئے یونیفارمز خریدے جائیں گے، جن پر 8 کروڑ روپے کے فنڈزمختص کیے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یونیفارمز کی خریداری کے لیے جلد اشتہار جاری کیا جائے گا تاکہ رواں مالی سال کے دوران فراہمی مکمل کی جا سکے۔
پنجاب حکومت کے ریاستی رٹ اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کیلئے غیرمعمولی فیصلے
ذرائع کا کہنا ہے کہ وارڈنز کی موجودہ وردی اپنے نمایاں رنگ اورشناخت کے باعث عوامی سطح پر بہترتاثررکھتی ہے، اسی وجہ سے اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
