وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری اور ارزاں رہائشی پلاٹس فراہم کرنے کے لیے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) اور نجی کمپنی کے مابین مفاہمتی معاہدہ طے پاگیا ہے۔
مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب ایف جی ای ایچ اے کے ہیڈ کوارٹر، سیکٹر 10/4-G اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
مذکورہ منصوبہ 2025 FGEHA IV & PPP Rules کے تحت اینڈ پروڈکٹ کی بنیاد پر ایک بڑے رہائشی ہاؤسنگ پراجیکٹ کی ڈویلپمنٹ کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس کا مقصد وفاقی سرکاری ملازمین کو معیاری اور سستے رہائشی پلاٹس فراہم کرنا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں یہ منصوبہ 6,000 کنال سے زائد اراضی پر مشتمل ہو گا، جو اسلام آباد ایئر پورٹ اور موٹر وے 14-M کے قریب واقع ہے۔
ہاؤسنگ پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں تقریباً 10,000 رجسٹرڈ ممبران کو رہائش فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی (FGEHA) کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے کہا کہ یہ منصوبہ سرکاری ملازمین کے لیے سستی اور معیاری رہائش کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جانب بڑی پیش رفت ہے۔
یہ معاہدہ وفاقی حکومت کے رہائشی منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈل پر آگے بڑھانے کے عزم کی ایک روشن مثال ہے۔
تقریب میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے افسران،کمپنی کے نمائندگان، میڈیا پرسنز اور مختلف سرکاری اداروں کے عہدیداران شریک تھے۔
مزید پڑھیں:قطر میں غیر ملکیوں کیلئے جائیداد اور رہائشی اجازت چند دن میں حاصل کرنے کی سہولت
