اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شدید سردی اور خشک سالی سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک میں کسی قسم کی خشک سالی یا شدید سردی کی آمد کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تاہم موسم سرما معمول سے کچھ زیادہ خشک اور سرد ضرور ہو گا۔
حکام نے کہا کہ رواں برس سردی قدرتی موسمی معمولات کے دائرے میں ہی ہو گی۔ رواں برس ملک میں بارش کی شرح معمول سے کم رہے گی۔ تاہم اس کے اثرات محدود نوعیت کے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کچھ اضلاع میں معمولی درجے کی خشک سالی ہو سکتی ہے۔ مگر اسے قومی سطح کی خشک سالی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جن اضلاع کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ان میں خاران، چاغی، واشک اور نوشکی شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق رواں برس مون سون کے دوران 23 فیصد زائد بارشوں کے باعث ملک کے آبی ذخائر تسلی بخش حالت میں ہیں۔ اور سردیوں میں کسی بڑے آبی بحران کا خدشہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان میں ریکارڈ توڑ سردی کی پھیلائی جانے والی افواہیں درست نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چھینے گئے موبائل فونز کی مالکان کو واپسی کا سلسلہ شروع
حکام نے بتایا کہ کم بارشوں کے باعث فضا میں آلودگی بڑھنے کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے سانس کی بیماریوں اور دیگر موسمی امراض میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
