بھارتی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں پولیس نے ایک چائے فروش کے گھر سے ایک کروڑ روپے سے زائد نقدی، سونا، چاندی اور ایک لگژری گاڑی برآمد کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی ایک بڑے سائبر فراڈ نیٹ ورک کے انکشاف کے بعد کی گئی، جس میں ایک چائے والا مرکزی کردار کے طور پر سامنے آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران چائے فروش کے گھر سے ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے نقدی، 344 گرام سونا، ڈیڑھ کلو چاندی، 85 اے ٹی ایم کارڈز، 75 چیک بکس، دو لیپ ٹاپ، تین موبائل فون اور ایک مہنگی گاڑی قبضے میں لی گئی۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے اس کارروائی میں دو بھائیوں، ابھیشیک کمار اور ادتیہ کمار کو گرفتار کیا ہے۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ ابھیشیک کمار پہلے چائے کا ٹھیلا لگاتا تھا، مگر بعد میں وہ ایک بین الاقوامی سائبر فراڈ گروہ سے منسلک ہوگیا۔
تحقیقات کے مطابق ابھیشیک دبئی منتقل ہوکر وہاں سے نیٹ ورک چلاتا رہا، جبکہ اس کا بھائی ادتیہ بھارت میں مالی لین دین کا ذمہ دار تھا۔پولیس کے مطابق اس فراڈ نیٹ ورک کی شاخیں بھارت کی مختلف ریاستوں میں پھیلی ہوئی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، اور اس میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ اور اینٹی ٹیرر اسکواڈ (اے ٹی ایس) کو بھی شامل کرلیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک روابط اور رقوم کی منتقلی کا پتہ لگایا جا سکے۔
