اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں وفاق اور صوبائی حکومت کو سیکیورٹی ایشوز پر مل کر کام کرنا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے ہم نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل اڈیالہ جیل کی ملاقاتوں سے حل نہیں ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وفاق کی جانب سے دی گئی بلٹ پروف گاڑیوں واپس کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے پچھلے وزیر اعلیٰ واضح طور پر کہتے تھے کہ ہم دہشتگردوں سے نہیں لڑ سکتے۔
افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان سے بات کرنے کا مجاز صوبائی حکومت نہیں بلکہ وفاقی حکومت ہے۔ اورافغان وزیر خارجہ دہلی میں جا کر پاکستان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ جو پاکستان کے لیے پریشان کن ہیں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں وفاق اور صوبائی حکومت کو سیکیورٹی مسائل پر مل کر کام کرنا چاہیے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اسی ہفتے میں ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کے نوجوانوں کیلئے نادرا نے نوکریوں کا اعلان کر دیا
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی سیاست سے بالاتر ہے اور سیاست خدمت کرنے کا نام ہے۔ سیاست وفاق پر چڑھ دوڑنے کا نام نہیں۔ اور خیبر پختونخوا میں رہنے والوں کی زندگیاں بہتر کرنے کے لیے ہم ہر وقت تیار ہیں۔
