نیویارک: پاکستانی گلوکار علی ظفر کو امریکہ میں ”کلچرل آئیکون ایوارڈ” سے نواز دیا گیا۔
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار، اداکار و سماجی کارکن علی ظفر کو پاک امریکن لا انفورسمنٹ سوسائٹی کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
علی ظفر کو ملنے والا ایوارڈ پاکستانی موسیقی اور ثقافت کو دنیا بھر بالخصوص امریکہ میں فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کرنے کی وجہ سے دیا گیا۔ تقریب میں علی ظفر کی فنکارانہ خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علی ظفر نے اپنے فن کے ذریعے نہ صرف پاکستانی ثقافتی اقدار کو عالمی سطح پر متعارف کروایا۔ بلکہ ملک کی مثبت تصویر بھی پیش کی۔
علی ظفر کی موسیقی، آرٹ اور سماجی کاموں کو پاکستان کی نرمی اور ہم آہنگی کی علامت قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: نرگس اور مولانا طارق جمیل کے درمیان ملاقات،ویڈیو وائرل
پاکستانی گلوکار علی ظفر نے کہا کہ فن ایک ایسی طاقت ہے جو سرحدوں اور زبانوں سے بالاتر ہو کر دلوں کو جوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ دنیا میں امن اور محبت کے فروغ کے لیے فنکاروں کا کردار بہت اہم ہے۔
