بالی ووڈ کے معروف مزاحیہ اداکار گوردھن اسرانی، جنہیں فلمی دنیا میں ’’اسرانی‘‘(Asrani) کے نام سے جانا جاتا ہے، 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اہل خانہ کے مطابق اداکار طویل علالت کے بعد آج شام تقریباً 4 بجے ممبئی میں وفات پا گئے، تاہم ان کے انتقال کی وجوہات فی الحال ظاہر نہیں کی گئیں۔
راجستھان کے شہر جے پور سے تعلق رکھنے والے اسرانی کی وفات نے بھارتی فلم انڈسٹری کو گہرے صدمے میں مبتلا کردیا۔ انتقال سے چند گھنٹے قبل ہی انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دیوالی 2025 کی مبارکباد بھی دی تھی۔
اسرانی نے اپنے کیریئر میں 350 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے مشہور کرداروں میں فلم شعلے کا ’’جیلر‘‘ آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں تازہ ہے۔
وہ بھول بھلیاں، دھمال، بنٹی اور ببلی 2، آر راجکمار، آل دی بیسٹ اور ویلکم جیسی متعدد کامیاب فلموں میں اپنی شاندار مزاحیہ اداکاری سے ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرتے رہے۔
اسرانی نے نہ صرف ہندی بلکہ گجراتی فلموں میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ 1972 سے 1984 کے دوران انہوں نے کئی فلموں میں مرکزی کردار نبھائے، جب کہ بعد کے برسوں میں انہوں نے معاون کرداروں کے ذریعے اپنی اداکاری کا منفرد رنگ برقرار رکھا۔
یکم جنوری 1941 کو پیدا ہونے والے اسرانی نے جے پور میں ساہتیہ کل بھائی ٹھاکر کے زیرِ تربیت اداکاری سیکھی اور بعد ازاں فلمی دنیا میں قسمت آزمائی کے لیے ممبئی منتقل ہوگئے۔ ان کی ملاقات معروف فلم ساز ہرشیش مکھرجی اور کشور سہو سے ہوئی، جنہوں نے انہیں فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لینے کا مشورہ دیا۔
اسرانی کی شادی اداکارہ منجو بنسل سے ہوئی، جن سے ان کی ملاقات فلموں ’’آج کی تازہ خبر‘‘ اور ’’نمک حرام‘‘کے دوران ہوئی۔
پانچ دہائیوں سے زائد پر محیط کیریئر میں اسرانی نے اپنی شاندار مزاحیہ اداکاری، دلکش مکالمہ ادائیگی اور یادگار کرداروں کے ذریعے خود کو بھارتی سنیما کی تاریخ کا ایک لازوال نام بنا دیا۔ ان کے انتقال سے بھارتی فلم انڈسٹری نے ایک ایسے فنکار کو کھو دیا ہے جو ہمیشہ مسکراہٹوں کی وجہ بنے رہے۔
مزید پڑھیں:نرگس اور مولانا طارق جمیل کے درمیان ملاقات،ویڈیو وائرل
