بھارت کے مشہور اداکار شاہ رخ خان اور کاجول کی مشہور فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے نے ممبئی کے معروف مراٹھا مندر تھیٹر میں لگاتار 30 سال مکمل کرکے بالی وڈ میں نیا ریکارڈ قائم کرلیا ہے.
شاہ رخ خان اور کاجول کی فلم 1995 میں ریلیز ہوئی تھی، جس نے نہ صرف بالی وُڈ کی محبت پر مبنی فلموں کا انداز بدل دیا، بلکہ کروڑوں شائقین کے دلوں میں اپنی مستقل جگہ بنا لی، حیرت انگیز طور پر یہ فلم آج بھی اسی تھیٹر میں روزانہ ایک شو کے ساتھ نمائش پذیر ہے، اور اس طرح بھارت کی طویل ترین چلنے والی فلم بن چکی ہے۔
40 سال پرانے الفاظ کی سزا آج تک بھگت رہا ہوں، سلمان خان جذباتی ہوگئے
تھیٹر کے منتظم منوج دیسائی کے مطابق دل والے دلہنیا لے جائیں گے اب بھی بھرپور مقبول ہے، انھوں نے کہا کہ ہر روز درجنوں طلبہ، سیاح اور نوجوان جوڑے فلم دیکھنے آتے ہیں، اور ویک اینڈز پر تو ہال تقریباً بھر جاتا ہے۔
فلم کے مشہور مناظر، خاص طور پر وہ لمحہ جب راج (شاہ رخ خان) اپنی محبوبہ سمرن (کاجول) کو ٹرین پر چڑھاتا ہے، آج بھی ناظرین کو وہی جذباتی جوش اور تالیاں بجانے پر مجبور کر دیتا ہے۔
واضح رہے کہ 2015 میں تھیٹر انتظامیہ نے اس فلم کی روزانہ نمائش بند کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، لیکن مداحوں کے بھرپور احتجاج پر اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، آج تین دہائیاں گزرنے کے باوجود یہ فلم ممبئی کے پردے پر زندہ ہے۔
