دنیا کی سب سے بڑی پیکجڈ فوڈ کمپنی نیسلے (Nestle) نے اعلان کیا ہے کہ وہ اخراجات میں کمی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے عالمی سطح پر 16 ہزار ملازمتیں ختم کرے گی۔
کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر فلپ ناوراتیل کے مطابق یہ کمی نیسلے کے مجموعی 2.77 لاکھ ملازمین میں سے 5.8 فیصد پر مشتمل ہے۔
فلپ ناوراتیل نے بتایا کہ کمپنی نے 2027 کے اختتام تک اخراجات میں 3 ارب سوئس فرانک (تقریباً 3.77 ارب ڈالر) بچانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جو پہلے 2.5 ارب تھا۔
ان میں سے 12 ہزار ملازمتیں وائٹ کالر (دفتر سے متعلقہ) ہوں گی جبکہ بقیہ 4 ہزار ملازم مینوفیکچرنگ اور سپلائی چین کے شعبوں سے فارغ کیے جائیں گے۔
نیسلے، جو KitKat، Maggi اور Nespresso جیسے مشہور برانڈز بناتی ہے، اس وقت کاروبار میں سست روی، بڑھتے ہوئے اخراجات، قرض کے دباؤ اور امریکی درآمدی محصولات جیسے مسائل سے دوچار ہے۔
کمپنی کے حصص کی قیمت میں آج کاروبار کے آغاز میں 8 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔
کمپنی نے اپنی 2025 کی مالی پیش گوئی برقرار رکھی ہے، جس کے مطابق نامیاتی فروخت میں بہتری اور آپریٹنگ منافع کا مارجن 16 فیصد یا اس سے زائد رہنے کی توقع ہے۔
نیسلے کے مطابق اخراجات میں سب سے زیادہ بچت 2026 اور 2027 میں متوقع ہے، جب کہ 2025 میں 70 کروڑ سوئس فرانک کی بچت متوقع ہے۔ تیسری سہ ماہی میں نامیاتی فروخت میں 4.3 فیصد اضافہ ہوا، جو ماہرین کی 3.7 فیصد کی پیشگوئی سے زیادہ ہے۔
یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب کمپنی کے اندرونی انتظامی بحران اور قیادت میں اچانک تبدیلیاں دیکھی گئیں۔ سابق سی ای او کو ستمبر میں برطرف کیا گیا، اور اس کے بعد بورڈ کے چیئرمین پال بولکے نے بھی جلد ریٹائرمنٹ لے لی۔ فلپ ناوراتیل کو حال ہی میں سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔
