جانوروں کو پناہ دینے والے ادارے ’’مرسیڈ ایس پی سی اے (Merced SPCA) نے ایک دلچسپ اور مزاحیہ واقعہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، ایک فوسٹر خاندان کے گھر میں نصب سیکیورٹی کیمرے نے وہ لمحہ قید کرلیا جب بلی “وینڈی” نے بڑی معصومیت کے ساتھ ایک ’’مردہ چوہا‘‘ اٹھایا اور سیدھا چولہے پر رکھے برتن میں ڈال دیا۔ اُس وقت باورچی خانے میں کوئی موجود نہیں تھا، لیکن ویڈیو دیکھنے کے بعد سب حیران رہ گئے۔
مرسیڈ ایس پی سی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا، “وینڈی ایک فوسٹر بلی ہے جو اب ہماری ’فوسٹر فیل‘ بن چکی ہے، یعنی اس کے مالکان نے اُسے مستقل طور پر اپنا لیا ہے۔ لیکن اس بار وینڈی نے اپنی ’محبت‘ کا منفرد انداز میں اظہار کیا ،کھانے میں چوہا شامل کر کے!”
وینڈی کی مالکہ نے بتایا کہ وہ اُس وقت باہر جا کر اپنے کتے کو کھانا کھلا رہی تھیں، جب یہ واقعہ پیش آیا۔ “واپس آئی تو وینڈی کچھ مشکوک انداز میں برتن کے قریب بیٹھی تھی، جس پر مجھے شک ہوا اور میں نے فوراً کچن کیمرے کی فوٹیج چیک کی۔ جب دیکھا کہ اس نے چوہا برتن میں ڈال دیا ہے تو یقین نہیں آیا!”
کیلی فورنیا میں شہری نے ہاتھ سے جعلی نمبر پلیٹ بنا لی، پولیس بھی حیران
انہوں نے مزید ہنستے ہوئے کہا، “جیسا کہ آپ اندازہ لگا سکتے ہیں، اُس رات ہم نے گھر کا کھانا نہیں کھایا بلکہ ٹیک آؤٹ منگوانا پڑا!
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے اور لوگ وینڈی کی “خلوص بھری خدمت” پر تبصرے کر رہے ہیں۔ کسی نے لکھا، “یہی تو اصل چیریٹی ورک ہے، بلی بھی مددگار!” جبکہ ایک صارف نے کہا، “وینڈی کے ہاتھ کا کھانا واقعی جان لیوا ثابت ہوسکتا تھا!”
