نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں کرکٹ میچ کے دوران آخری گیند پھینکتے ہی فاسٹ باؤلر اچانک انتقال کر گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مراد آباد میں اترپردیش ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے میچ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ مراد آباد اور سنبھل کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ جاری تھا۔ مراد آباد کی ٹیم پہلے بیٹنگ کر کے ہدف دے چکی تھی اور سنبھل کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں تھی۔
سنبھل کی ٹیم کو آخری 4 گیندوں پر 14 رنز چاہیے تھے۔ تاہم مراد آباد کے فاسٹ باؤلر احمر خان نے اچھی باؤلنگ کراتے ہوئے اپنی ٹیم کو 11 رنز سے فتح سے ہمکنار کرایا۔
کرکٹ میچ کے دوران فضا اس وقت سوگوار ہو گئی۔ جب فاسٹ باؤلر احمر خان کی آخری گیند کرانے کے بعد طبیعت اچانک خراب ہو گئی۔ اور ان کا موقع پر ہی انتقال ہو گیا۔
احمر خان نے میچ کی جیسے ہی آخری گیند پھینکی تو ان کا سانس اکھڑنے لگا۔ اور وہ اچانک زمین پر لیٹ گئے۔ ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں سنبھالا اور میدان میں موجود ڈاکٹر نے فوری طور پر انہیں طبی امداد دی۔
فاسٹ باؤلر کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر احمر خان کو مردہ قرار دے دیا۔ مراد آباد کے میچ جیتنے کی خوشی غم میں بدل گئی۔
View this post on Instagram
یہ بھی پڑھیں: برطانوی گالفر مکھی کی مدد سے کروڑ پتی بن گیا
رپورٹ کے مطابق احمر خان مراد آباد کی مقامی ٹیم کے تجربہ کار باؤلر تھے۔ اور کئی سالوں سے ویٹرنس کرکٹ میں سرگرم تھے۔ ٹورنامنٹ کے منتظمین نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔