بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اپیندرا دویدی نے پاکستان کو گیدڑ بھبھکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مستقبل میں کوئی نیا تنازعہ ہوا تو بھارت وہ صبر اور تحمل نہیں دکھائے گا جو “آپریشن سندور” کے دوران دکھایا گیا تھا۔
معرکۂ حق میں شکست کے بعد بھارتی سیاسی اور عسکری قیادت اپنی عوام کو مطمئن کرنے کے لیے ایک بار پھر گیدڑ بھبکیوں پر اُتر آئی ہے۔ “آپریشن سندور” میں منہ کی کھانے کے بعد بھارت نہ صرف عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کر رہا ہے بلکہ شدید بوکھلاہٹ کا شکار بھی ہے۔
سرگنگا نگر میں فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل دویدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھارت کے عزم کو آزمانے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے اور فوری طور پر دہشت گردی کی سرپرستی ختم کرنی ہوگی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگلی بار بھارت ضبط نہیں کرے گا، کارروائی ایسی ہوگی کہ پاکستان کو سوچنا پڑے گا کہ وہ دنیا کا حصہ بنے رہنا چاہتا ہے یا نہیں۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کی مدتِ ملازمت میں توسیع
جنرل دویدی نے مزید کہا کہ اپریل 2022 میں پہلگام حملے کے بعد پاکستان کے اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کی گئی کارروائی نے پوری قوم کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ ان کے بقول، یہ صرف فوج کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے، اور “آپریشن سندور” کے تجربات نے فوجیوں اور عوام دونوں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔
بھارتی آرمی چیف نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران صرف دہشت گردوں کے اڈوں، تربیتی مراکز اور ان کے سہولت کاروں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کسی بے گناہ شہری کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔
