قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق بابر اعظم کو جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دوبارہ ٹیم میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
بابر اعظم نے آخری بار دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔ اس کے بعد انہیں ٹیم سے باہر رکھا گیا، جس کی بڑی وجہ ان کا اسٹرائیک ریٹ قرار دیا گیا۔ اس وقت چیف سلیکٹر عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا ماننا تھا کہ بابر اعظم جیسیے سینیئرز کے بجائے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے۔
ایشیا کپ ، ٹاس کے موقع پر سوریا کمار یادیو اور جاکر علی نے مصافحہ نہ کیا
تاہم بھارت کے خلاف حالیہ دو شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
چند روز قبل بابر اعظم کو ایشیا کپ کے لیے دبئی بھیجنے پر غور بھی کیا گیا، لیکن ٹورنامنٹ کے منتظمین نے واضح کر دیا کہ اسکواڈ میں صرف کسی کھلاڑی کے زخمی ہونے کی صورت میں ہی تبدیلی ممکن ہے۔
بدلتی صورتحال نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں بابر اعظم کی واپسی کے امکانات روشن بنا دیے ہیں۔ بیٹنگ لائن کی مسلسل ناکامی کے بعد ایک سینئر بلے باز کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔
محمد رضوان اور سلمان آغا کا مستقبل کیا ہو گا؟
دوسری جانب سلمان علی آغا بھی نشانے پر آ سکتے ہیں، بطور کپتان اور کھلاڑی ان کے مستقبل کا فیصلہ ایشیا کپ کے بقیہ میچوں میں ان کی کارکردگی طے کرے گی۔
اگر محمد حارث کی فارم بدستور خراب رہی، تو وکٹ کیپنگ کے فرائض بھی دوبارہ محمد رضوان کو سونپے جا سکتے ہیں۔
تاہم یہ بھی تک یہ طے نہیں ہوا کہ واپسی کے بعد بابر اعظم اوپنر کے طور پر کھیلیں گے یا نمبر تین یا چار پر بیٹنگ کریں گے۔
ابھیشک شرما نے بچپن میں کی گئی پیشگوئی کو کیسے سچ ثابت کیا؟
بابر اعظم نے کئی شاندار ریکارڈز اپنے نام کر رکھے ہیں۔ ان میں سب سے کم اننگز میں 5 ہزار ون ڈے رنز مکمل کرنے کا اعزاز ہے۔
اس کے علاوہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں، اور سب سے زیادہ مجموعی اسکور کرنے والے کھلاڑیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم واحد پاکستانی کپتان ہیں جنہوں نے قومی ٹیم کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں دنیا کی نمبر ون ٹیم ہونے کا اعزاز دلایا۔
