افغانستان سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا مسافر طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ کر دہلی پہنچ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ لڑکا کابل ایئرپورٹ کے سخت سیکیورٹی والے حصے سے افغان ایئرلائن کی پرواز کے لینڈنگ گیئر کمپارٹمنٹ میں داخل ہوا، دو گھنٹے کے سفر کے بعد پرواز مقامی وقت کے مطابق دہلی ایئرپورٹ پہنچی، جہاں لینڈنگ کے بعد عملے نے لڑکے کو طیارے کے قریب دیکھا اور فوراً سیکیورٹی کو اطلاع دی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ لڑکا شمالی افغانستان کے شہر قندوز کا رہائشی ہے، اس نے یہ خطرناک قدم صرف تجسس کی خاطر اٹھایا تھا، اسے معلوم نہیں تھا کہ ائیرپلین کے اس حصے میں آکسیجن کی کمی اور شدید سردی جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔
یو اے ای کے محقق نے اپنی 4 بیویوں اور 100 بچوں کا ذکر کر کے سب کو حیران کر دیا
حکام کے مطابق لڑکے کو حراست میں لے کر سی آئی ایس ایف کے حوالے کیا گیا تھا، بعد ازاں اسے اسی ایئرلائن کی پرواز سے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔
سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایئرلائن نے لینڈنگ گیئر کا مکمل معائنہ کیا، جس دوران ایک سرخ اسپیکر بھی برآمد ہوا جو غالباً لڑکے کا ذاتی سامان تھا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی تخریبی مواد نہیں ملا اور جہاز کو محفوظ قرار دے دیا گیا۔
