ہانگ کانگ کے ایک تعمیراتی مقام سے جنگ عظیم دوم کے دوران استعمال ہونے والا ایک بھاری بھرکم بم برآمد ہوا ہے جس کے بعد حکام نے علاقے کو فوری طور پر خالی کرانے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق بم کا وزن تقریباً 454 کلوگرام ہے اوریہ اب بھی انتہائی خطرناک حالت میں موجود ہے جو کسی بھی وقت بڑے پیمانے پرنقصان پہنچا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق اس بم کی دریافت کے بعد 6 ہزارسے زائد افراد کورات تک محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقے میں 18 رہائشی عمارتوں کواحتیاطی طور پرخالی کرایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے شہریوں کی جانوں کو بچایا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بم دوسری جنگ عظیم کے دوران ہانگ کانگ پرکی گئی فضائی بمباری کے دوران گرا تھا جو زمین میں دبا رہ گیا، تعمیراتی کام کے دوران یہ بم سامنے آیا توفوری طورپرپولیس اوربم ڈسپوزل اسکواڈ کوطلب کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل ٹیم نے بم کوناکارہ بنانے کا کام شروع کردیا ہے اس عمل میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں کیونکہ بم کی حالت حساس ہے اورذرا سی بے احتیاطی بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہے۔
روس، ایئرپورٹ کی ویب سائٹ ہیک، سائبر سیکیورٹی حکام متحرک
مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مکمل تعاون کریں اوراس دوران متاثرہ علاقے میں واپس نہ آئیں، حکام کے مطابق بم کوکامیابی سے ناکارہ بنانے کے بعد ہی رہائشیوں کو واپسی کی اجازت دی جائے گی۔

