پاکستان کے معروف ننھے سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے ہیں۔
یہ افسوسناک خبر احمد شاہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری کی گئی، انہوں نے مداحوں سے عمر شاہ کے لئے دعائے مغفرت کی درخواست کی۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا کہ ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ عمر شاہ خالق حقیقی سے جا ملا۔
اہلخانہ کے مطابق عمر بالکل ٹھیک تھے لیکن رات کو اچانک طبیعت خراب ہوئی اور انہیں قے آئی۔ اہلخانہ نے بتایا کہ الٹی کے باعث کوئی چیز سانس کی نالی میں چلی گئی جس کے بعد انہیں سول اسپتال لے جایا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ صبح فجر کے وقت انتقال کر گئے۔
معروف اینکر وسیم بادامی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے مطابق عمر شاہ کو قے آئی تھی جو ان کے پھیپھڑوں میں چلی گئی، جس کی وجہ سے ان کی سانس کی نالی بند ہو گئی اور جسم کو آکسیجن کی فراہمی رک گئی، اس کے باعث انہیں دل کا دورہ پڑا۔ وسیم بادامی احمد شاہ کے بھائی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔
عمر شاہ اپنے بھائی کے ساتھ نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والی رمضان ٹرانسمشن میں بھی آتے تھے ان کے کئی کلپس بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے رہتے تھے۔
نامور اداکار عشرت عباس دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے
وہ اپنی معصوم مسکراہٹ، پیارے انداز اور شرارتی طبیعت کی وجہ سے بے حد مقبول تھے، ان کی اچانک وفات کی خبر نے نہ صرف احمد شاہ اور ان کے خاندان بلکہ ان کے لاکھوں چاہنے والوں کو بھی گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
