ایشیا کپ کا بڑا مقابلہ ، پاکستانی بیٹرز نے پھر غلط حکمت عملی اپنائی

پاکستان

تجزیہ : ریحان احمد

پاکستان کے بیٹرز نے آج ایک اور سنہرا موقع ضائع کر دیا۔ ٹاس انتہائی اہم تھا، پاکستان نے جیتا بھی اور بیٹنگ کرنے کا درست فیصلہ بھی کیا، لیکن حکمتِ عملی ایک بار پھر غلط اپنائی گئی۔

150 رنز کے بجائے 200 کا ہدف سوچ کر ٹیم دبئی کی سست پچ پر اتری اور پھر سنبھل نہ سکی۔ اس وکٹ پر جہاں ابتدائی اوورز میں پچ اور بائولرز کو عزت دینی تھی، پاکستانی بلے بازوں نے اپنی وکٹیں خود گنوا دیں۔ شاہین آفریدی کی بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان نے بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 100 کے بجائے 128 رنز کا ہدف دیا۔

قومی کرکٹر ابرار احمد ایشیا کپ کے بعد دلہن گھر لائیں گے

پہلے صایم ایوب آئے جن کے سامنے پہلی ہی گیند سوئنگ ہو کر وائیڈ گئی، مگر انہوں نے دوسری ہی گیند پر آسان کیچ دے کر پویلین کا رخ کر لیا۔ اس کے فوراً بعد بجائے اس کے کہ کپتان آغا سلمان کریز پر آتے، محمد حارث بھیج دیئے گئے۔ انہوں نے آتے ہی آؤٹ ہونے کی ناکام کوشش کی اور پھر بمرا کی ایک ایسی گیند پر، جسے سیدھا کھیلنا چاہیے تھا، ترچھی شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس طرح پاکستان مزید مشکل میں پھنس گیا۔

صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے پاور پلے تک اننگز سنبھالی اور رفتار بھی بہتر کی، لیکن پاور پلے ختم ہوتے ہی فخر زمان نے لمبی ہٹ کے بجائے اونچی شاٹ کھیل کر وکٹ دے دی۔ پھر کپتان آغا سلمان آئے اور ٹیم، جو پہلے ہی ڈاٹ گیندوں کے معاملے میں دنیا کی سرفہرست ٹیموں میں شمار ہوتی ہے، اس میچ کے ابتدائی دس اوورز کی ساٹھ گیندوں میں سے چالیس کے قریب گیندیں ضائع کر چکی تھی۔ آغا سلمان نے بھی کئی گیندیں روکنے کے بعد بلا گھمایا اور جلد ہی آؤٹ ہو گئے۔

ایشیا کپ، پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی پنجاب کنگز کی متنازع پوسٹ، کراچی کنگز کا بھرپور جواب

سلمان آغا نے بارہ گیندیں کھیلیں اور صرف تین رنز بنائے۔ صائم ایوب اور محمد نواز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان نے 43 گیندوں پر 40 رنز اسکور کیے، جبکہ فخر زمان نے کچھ سہارا ضرور دیا مگر حسن نواز بھی ناکام رہے۔ فہیم اشرف، جن کی جگہ نہ ٹیم میں بنتی ہے نہ پلئینگ الیون میں، آج موقع ملنے کے باوجود ایک بار پھر مایوس کن اننگز کھیل گئے۔ ایسے وقت میں جب شاہین نے دو چھکے جڑ دیے تھے، فہیم ریورس سویپ اور سوئچ ہٹ کی ناکام کوششوں میں آؤٹ ہوگئے۔ وہ برسوں سے اس پوزیشن پر ناکام ہو کر ٹیم سے باہر ہوتے ہیں لیکن پھر دوبارہ واپسی کر لیتے ہیں۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد سفیان مقیم نے بمرا کو چوکے لگا کر سنیل گواسکر تک کو حیران کر دیا۔

صرف شاہین آفریدی تھے جو لگ رہا تھا جیسے کسی اور ہی پچ پر بیٹنگ کر رہے ہوں۔ شاہین نے طوفانی بیٹنگ کرتے ہوئے چار چھکے لگائے اور صرف 16 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 33 رنز اسکور کیے۔

ایشیا کپ، دبئی میں سبز جھنڈوں کی بہار، پاکستانی چھا گئے

ایک موقع پر جب 17 واں اوور جاری تھا تو پاکستانی بیٹرز 55 گیندیں ڈاٹ کھیل چکے تھے۔ میچ کا نتیجہ کچھ بھی ہو، پاکستانی بیٹرز اپنی ناکامی سے اپنے ہی نوجوان بالرز سے وہ سنہرا موقع چھین چکے تھے جب وہ بھارتی بلے بازوں کو دباؤ میں ڈال کر میچ جیتنے کی پوزیشن میں آسکتے تھے۔ اب معاملہ غالباً ان کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp