متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت (pak india match)کا سب سے بڑا ٹاکرا قریب آتے ہی شائقین کرکٹ میں جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے اورتوقع کے عین مطابق ٹکٹس کی مانگ بھی بڑھ چکی ہے۔
ٹورنامنٹ منتظمین کے مطابق، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس ہائی وولٹیج میچ کے نوے فیصد ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ جنرل انکلوژر کے ٹکٹس تقریباً مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں جبکہ باقی دستیاب نشستیں بھی تیزی سے خریدی جا رہی ہیں۔
جمعرات کی شام تک پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی کم از کم قیمت 750 درہم (تقریباً 57 ہزار پاکستانی روپے) ریکارڈ کی گئی، جب کہ پریمیئم نشستیں 3 ہزار 500 درہم (تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ ٹکٹس کی تعداد اب انتہائی محدود رہ گئی ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کے اطراف قائم ٹکٹ باکسز کا رخ کر رہی ہے جہاں محدود نشستوں کے لیے لمبی قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔ دبئی پولیس اور منتظمین نے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات بھی مکمل کر لیے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی، شائقین کی سہولت کے لیے جمعرات کی شام ایک نئی آن لائن ونڈو بھی کھولی گئی ہے تاکہ لوگ بروقت اپنی نشستیں یقینی بنا سکیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ دبئی جیسے انٹرنیشنل شہر میں ٹکٹس کی آن لائن اور باکس آفس سیل ایک ساتھ رکھنے سے لوگوں کو زیادہ آسانی میسر آ رہی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں،سابق کرکٹرز کا ایشون کو جواب
پاک بھارت میچ ہمیشہ سے ایشیا کپ کا سب سے بڑا اور دلچسپ مقابلہ تصور کیا جاتا ہے، جسے صرف دونوں ملکوں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین بے تابی سے دیکھتے ہیں۔ اس بار بھی صورتحال مختلف نہیں، دبئی میں ہونے والا یہ ہائی وولٹیج میچ کرکٹ فیسٹیول کا روپ دھارنے کو تیار ہے۔
