پنجاب میں سیلاب میں نقصان کا سلسلہ جاری ہے، جلال پورپیر والا کو بڑے سیلابی ریلے نے گھر لیا ہے اور لوگوں کا انخلاء جاری ہے۔
دریائے چناب کے بپھرنے سے ملتان کی تحصیل میں ہنگامی بنیادوں پر لوگوں کا انخلاء جاری ہے، اس موقع پر متاثرین سیلاب کی کشتیاں الٹنے سے کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 9 لاپتہ ہو گئے ہیں۔
21 لاکھ ایکڑ سے زائد زرعی رقبہ پر فصلوں کا نقصان ہوا ہے۔ ملتان کے سی پی او صادق علی ڈوگر کا کہنا تھا کہ جلال پور پیروالا کو بچانے کیلئے بنائے گئے عارضی بند پر پانی کا دباؤ مسلسل برقرار ہے، آبادی کو شہر سے تیزی سے نکالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلال پور پیروالا کے چاروں اطراف پانی ہے، تحصیل کے 90 فیصد نواحی علاقے زیر آب آچکے ہیں۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے کاجلالپور پیر والا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو راشن اور دیگر ضروری سامان فراہم کر رہے ہیں، پاک فوج کی مدد سے امدادی سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا رہا ہے، 4ہیلی کاپٹرز ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز میں حصہ لے رہے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 19 دہشتگرد ہلاک
جلالپور پیروالہ میں سیلاب کے باعث 138 موضع جات متاثر ہوئے، انہوں نے کہا کہ جلال پور پیر والا میں سیلاب سے مجموعی طور 7 لاکھ 6 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ ملتان میں 3 لاکھ 62 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
