پشاور: خیبر پختونخوا میں انٹر امتحانات میں سرکاری کالجوں کی ناقص کارکردگی پر انکوائری شروع کر دی گئی۔
خیبر پختونخوا میں انٹر امتحانات میں سرکاری کالجوں کی ناقص کارکردگی پر محکمہ اعلیٰ تعلیم حرکت میں آ گیا۔ سرکاری کالجوں کی ناقص کارکردگی کی وجوہات جاننے کیلئے 2 رکنی کمیٹی تشکیل دے گی گئی۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے انکوائری شروع کر دی۔ بنائی گئی کمیٹی انٹر کے امتحانات میں کالجوں کی خراب کارکردگی کے اسباب کا جائزہ لے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا کے سرکاری کالجز میں بی ایس پروگرام ختم ، ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام شروع کرنیکا فیصلہ
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی کالجوں کی کارکردگی میں بہتری کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔ اور کمیٹی ناقص کارکردگی کے ذمہ داران کی نشاندہی اور سزا تجویز کرے گی۔
واضح رہے ک پشاور بورڈ نے جمعرات کو انٹر میڈیٹ کے سالانا امتحانات 2025 کا اعلان کیا۔ مجموعی طور پر 62 ہزار 322 طلبا نے امتحانات میں شرکت کی۔ جن میں سے 44 ہزار 902 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ اور کامیابی کا تناسب 72 فیصد رہا۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس سال طلبا کی تیاری نسبتاً بہتر رہی۔ جس کی بدولت کامیابی کی شرح میں بہتری دیکھی گئی۔ تاہم 17 ہزار 420 طلبا ایسے بھی تھے جو کامیاب نہ ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبا کو پاس اور فیل کرنے کا طریقہ کار سخت قرار
حکام نے ان طلبا کو ہمت نہ ہارنے اور آئندہ امتحانات کی بہتر تیاری کا مشورہ دیا۔ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ تفصیلی مارکس شیٹ تعلیمی اداروں کو فراہم کر دی گئی۔
بورڈ حکام کے مطابق پوزیشن ہولڈرز کے ناموں کا باقاعدہ اعلان ایک تقریب میں کیا جائے گا۔ جس کی تاریخ جلد مقرر کی جائے گی۔ امتحانی نتائج پر طلبا میں ملی جلی کیفیت پائی جاتی ہے۔ کامیاب امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
