پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن پی ٹی اے نے جاز کمپنی کے صارفین سے اضافی ٹیرف کی وصولی کی خبروں کی تردید کر دی۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جاز کی جانب سے اوور چارجنگ کے حوالے سے ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، سوشل میڈیا پر گمراہ کن خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق زیر گردش خبروں میں کہا گیا تھا کہ جاز نے مالی سال 2023-24 میں پی ٹی اے کی منظوری کے بغیر صارفین سے اضافی ٹیرف وصول کیے، آڈٹ مشاہدات میں جن ٹیرف ایڈجسٹمنٹس کا حوالہ دیا گیا ہے وہ پی ٹی اے کی مقررہ ریگولیٹری فریم ورک کے مطابق اور منظور شدہ ہیں۔
ایکس کا تعطل بین الاقوامی نوعیت کا ہے، ترجمان پی ٹی اے
بیان کے مطابق ان تمام منظوریوں کے مستند ریکارڈز آڈٹ حکام کے ساتھ تصدیق کے لیے شیئر کیے گئے ہیں۔ پی ٹی اے صارفین کے مفادات کے تحفظ اور شفاف و منصفانہ ٹیلی کام نظام کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی آپریٹرز کے ٹیرف پر مسلسل نگاہ رکھے ہوئے ہے تاکہ ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری کو عملی طور پر یقینی بنایا جا سکے۔
