اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ اللہ کے پاس دیر ہے، اندھیر نہیں۔ آج سپریم کورٹ نے بانی کو ضمانت دے کر واضح کر دیا کہ تمام مقدمات ناجائز ہیں۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کو سراہتا ہوں کہ انہوں نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا۔ تمام مقدمات بوگس اور سیاسی بنیادوں پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے چیف جسٹس سے امید رکھتے ہیں کہ وہ تمام ماتحت عدالتوں کو بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کرنے کی ہدایت دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کسی اور کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنارہی ہے،عطا اللہ تارڑ
اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور لیڈرشپ کے خلاف تمام مقدمات بدنیتی پر مبنی اور سیاسی بنیادوں پر ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے جن اراکین کو سزا دے کر نااہل کیا گیا۔ ان سب کے مقدمات ہائی کورٹ میں براہ راست کارروائی کے ذریعے سنے جائیں۔ چیف جسٹس صاحب سے مطالبہ ہے کہ تمام کارروائیاں لائیو ہوں اور میرٹ کے مطابق فیصلے کیے جائیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام عدالتوں کی طرف دیکھ رہی ہے۔ اور عدالتیں انصاف دیں گی تو لوگوں کا اعتماد بڑھے گا۔ ہم عدلیہ کے ساتھ ہیں اور ہم اپنی عدلیہ کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔
