اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔ مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔ جبکہ منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور چنیوٹ میں بارش ہو سکتی ہے۔
لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ اور بھکر، لیہ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بارش متوقع ہے۔ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال سمیت ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، لورالائی۔ مستونگ، نوشکی اور بارکھان میں بھی 24 گھنٹے کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں۔ سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی، خاران، خضدار، قلات، آواران، تربت، واشک، ہنگول اور گڈانی میں بھی موسلا دھار بارشیں ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں تیز بارش، سڑکیں، گلیاں، محلے پانی میں ڈوب گئے، ایمرجنسی نافذ
این ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں سے نشیبی اور شہری علاقوں میں سیلاب۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اورآندھی کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا بشمول چترال، دیر، کوہستان، باجوڑ، مہمند میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور زمینی کٹاؤ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی و ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم ایز، ریسکیو سروسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے۔ اور فوری رسپانس کے لیے اہلکار و آلات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
حکام نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔ نکاسی آب یقینی بنائیں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ جبکہ پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کریں اور راستوں کی بندش سے آگاہ رہیں۔
