وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیلابی صورتحال کے پیش نظروفاقی حکومت مکمل الرٹ ہے اورلوگوں کی زندگیاں بچانے کے لئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑنے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے رابطہ کیا اورخیبرپختونخوا کی موجودہ سیلابی صورتحال پرتفصیلی بریفنگ لی۔
خیبر پختونخوا حکومت کو امدادی سامان فوری بھیجا جائے،وزیراعظم کی ہدایت
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ افراد کوفی الفورمحفوظ مقامات پرمنتقل کیا جائے اورامدادی کارروائیوں میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے، این ڈی ایم اے کو جدید ریسکیوآلات اوردیگرضروری سازوسامان فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ صورتحال سے مؤثرطورپرنمٹ سکے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام متاثرہ علاقوں میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کرامداد اوربحالی کا کام تیزکررہی ہے اورعوام کی جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
