اکرا: افریقی ملک گھانا میں ملٹری ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں 2 وزرا سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گھانا میں ہیلی کاپٹر تیکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔ ہیلی کاپٹر نے دارالحکومت اکرا سے جنوبی شہر اوبواسی کے لیے اڑان بھر تھی جو ایک اہم کان کنی کا مرکز ہے۔
دوران پرواز ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ جس کے فوری بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ہیلی کاپٹر کو حادثہ ملک کے جنوبی اشانتی ریجن میں پیش آیا۔ جہاں ہیلی کاپٹر کے ملبے سے اٹھتا ہوا دھواں دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔
ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی۔ تاہم موسمی حالات کی خرابی کو بھی حادثے کی ایک وجہ سمجھا جا رہا ہے۔ فوج، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حادثے میں گھانا کے وزیر دفاع ایڈورڈ عمانے بواما اور وزیر ماحولیات ابراہیم مرتضیٰ محمد بھی ہلاک ہو گئے۔ دونوں وزرا کے ساتھ ہلاک ہونے والوں میں دیگر 3 مسافر اور عملے کے 3 ارکان بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا
چیف آف اسٹاف نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ صدر کی ہدایت پر تاحکم ثانی ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس حادثے کو قومی سانحہ قرار دیا اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
