امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر مزید ٹیرف عائد کرنے پر کانگریس رہنما ششی تھرور کا ردعمل آ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس رہنما ششی تھرور کا کہنا ہے کہ امریکا کا مزید ٹیرف بھارت کے لیے اچھی خبر نہیں، پاکستان،بنگلادیش اور دیگر ممالک پر کم ٹیرف عائد کیاگیاہے۔
انہوں نے کہا کہ اضافی ٹیرف کے بعد بھارتی مصنوعات امریکی منڈی میں مہنگی ہو جائیں گی۔
ششی تھرور کا ارنب گوسوامی لیک چیٹس کی تحقیقات کا مطالبہ
بولے کہ بھارت پر پاکستان،ویتنام،انڈونیشیا اور فلپائن سے زیادہ ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد بھارت پر مجموعی طور پر امریکی ٹیرف 50 فیصد ہو گیا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا کہ بھارتی اشیا پر 25 فیصد اضافی ایڈ ویلورم ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ جبکہ بھارت پر اضافی ایڈ ویلورم ڈیوٹی عائد کرنا ضروری اور مناسب ہے۔ بھارت براہ راست یا بالواسطہ طور پر روسی تیل درآمد کر رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کو روسی تیل خریدنے کی قیمت چکانا ہو گی۔ اور روس سے قربت پر بھارت کو سزا دی جائے گی۔
