وزیرمملکت طلال چودھری نے کہا ہے کہ شہدا خود تو چلے جاتے ہیں مگر ہمیں زیادہ محفوظ کر جاتے ہیں۔
طلال چودھری نے یوم شہدائے پولیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا محبت بھرا پیغام لے کر آیا ہوں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 90 ہزار افراد شہید ہوئے، پولیس کی قربانیاں بے مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان ذمہ داریاں نبھائیں غیرذمہ داری قابل قبول نہیں، سیکیورٹی فورسز کے جوان اور شہری روزانہ شہید ہو رہے ہیں۔
پنجاب بھر میں پولیس کے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن
وزیرمملکت نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے مل کر دہشتگردی کیخلاف لڑنے کا عہد کر لیا ہے، ایرانی صدر تشریف لائیں تھے بہت ہی زبردست دورہ مکمل ہوا، ہمسایہ ملک سے حکومت پاکستان نے بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قربانیوں پر تنقید کرنے والوں کو آخری وارننگ ہے اب یہ برداشت نہیں کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس کے پاس اب بھی وسائل کی کمی ہے، افغانستان سے بھی بات کر رہے ہیں، بلوچستان میں دہشتگردی میں نمایاں کمی آئے گی۔
