اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران بزنس فورم کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ایران کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ جبکہ پاک ایران تعلقات مذہبی اور ثقافتی رشتے میں بندھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی شراکت داری تعلقات مزید مضبوط بنائے گی۔ اور دوطرفہ تجارت کے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنا ہو گا۔ دونوں ملک تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں گے۔ اور تجارتی معاہدے دونوں ممالک کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کریں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ اور 10 ارب ڈالر کے پاک ایران تجارتی معاہدے خوش آئند ہیں۔ تمام تجارتی معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم میں تجارتی محاذ پر ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ جبکہ ایران اور پاکستان ایس سی او اور ای سی او فورم پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں۔ دونوں ملکوں کی تجارتی راہ ہموار کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے تجارت 10 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، ایرانی صدر
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لیے حکومت بہتر اقدامات کر رہی ہے۔ اور سرمایہ کاروں کو بہترین ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔ زرعی اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زراعت اور سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں۔ اور پاکستان کے تمام معاشی اشارے درست سمت میں گامزن ہیں۔ جبکہ مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے۔
