لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ سازشیں کرنے والا حکمران طبقہ ہے۔ اور سرمایہ داروں کے ساتھ مل کر لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ طاقتور لوگ جب وسائل پر قبضہ کریں گے تو غم و غصہ تو پیدا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے دوسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ بلوچ عوام کے ساتھ ہیں۔ پورا پاکستان بلوچستان کے ساتھ ہے۔
انہوں ںے کہا کہ جماعت اسلامی سب کے حقوق کے لیے بات کرتی ہے۔ اور ہمیں معلوم ہے پنجاب، بلوچستان کی حکومت فارم 47 والی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عدل کے نظام انصاف کے لیے پاکستان بنایا گیا تھا۔ پولیس کو راستے سے ہٹانا ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ لیکن ہم لڑنا نہیں چاہتے۔ بلکہ بلوچستان کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کمیٹی پر آج سے کام شروع نہیں ہوا تو پھر میں لانگ مارچ کا آغاز کروں گا۔ اور پھر ہم دیکھیں گے کہ کون ہمارا راستہ روکتا ہے۔ سیدھے طریقے سے آج ہی مذاکرات شروع کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کچھ لوگ سسٹم لپیٹنا چاہتے ہیں ، سزائوں کا فیصلہ چیلنج کریں گے ، بیرسٹر گوہر
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچ، پشتونوں کوعزت دو۔ بلوچ نوجوانوں کے زخموں پر مرہم رکھنا ہو گا۔ بلوچستان کے لاپتا نوجوانوں کے حکومت شواہد پیش کرے۔ اور لاپتا کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ کمیشن میں لاپتا نوجوانوں کو پیش کیا جائے اور اگر کوئی مجرم یا ملک دشمن ہے تو عدالتوں میں پیش کرو۔
انہوں نے کہا کہ غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنا چھوڑ دو اس طرح ریاستیں نہیں چلتیں۔ معدنیات پر پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے اور تمام لوگوں کے حقوق کا خیال رکھا جائے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔
