فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کیلئے پرعزم ہے، عالمی خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز کے دور میں باہمی فوجی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں امریکا، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان کی اعلیٰ فوجی قیادت نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکا کا خیر مقدم کیا، یہ کانفرنس مضبوط ربط، محفوظ امن کے عنوان کے تحت منعقد ہوئی جس کا مقصد سلامتی کے شعبے میں باہمی تعاون مضبوط بنانا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چینی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں ، اسٹریٹجک شراکت داری بڑھانے کا عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے مقاصد میں تربیتی اقدامات بہتر بنانا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں تعاون کا فروغ ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں امن،استحکام اور تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ درپیش چیلنجز کے تناظر میں اسٹریٹجک مکالمہ اور باہمی اعتماد انتہائی اہم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے مندوبین نے امن ،خودمختاری برقرار رکھنے کےعزم کا بھی اعادہ کیا۔
