امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر میکرون کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان پر سخت ردعمل دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر کیا کہتے ہیں، اس کی کوئی اہمیت نہیں، وہ ایک اچھے آدمی ہیں۔ مجھے وہ پسند ہیں، لیکن ان کا یہ بیان کوئی وزن نہیں رکھتا۔
بولے کہ میکرون ایک الگ طرح کے آدمی ہیں، کسی حد تک ٹیم پلیئر بھی ہیں لیکن ان کی بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اس سے کچھ بدلنے والا نہیں ہے۔
دوسری طرف سعودی عرب نے فرانسیسی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دیگر ممالک سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے اسی طرح کے “مثبت اقدامات” اٹھائیں۔
سعودی عرب کا فرانس کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا یہ قدم امن کے لیے حمایت اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی تائید ہے۔
اسپین، جو پہلے ہی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکا ہے، نے بھی فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔
