روس کے مشرق بعید میں مسافر طیارہ پہاڑ سے ٹکرا کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 49 مسافر ہلاک ہو گئے۔
علاقائی گورنر ویسلی اورلوف نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سائبیریا سے تعلق رکھنے والی ایک فضائی کمپنی کے مسافر طیارے میں 43 مسافر اور عملے کے 6 افراد سوار تھے ۔
مسافر طیارہ گزشتہ روز اچانک لاپتہ ہو گیا تھا، اے این-24 ماڈل کا مسافر بردار طیارہ سائبیریا کی انگارا ایئرلائن کے زیرِ انتظام پرواز پر تھا۔
بنگلہ دیش میں تربیتی طیارہ کالج پر گر کر تباہ، 20 افراد جاں بحق
طیارہ چین کی سرحد کے قریب واقع علاقے امور کے شہر ٹِنڈا کی طرف جا رہا تھا، راستے میں ایئر ٹریفک کنٹرول سے طیارے کا رابطہ منقطع ہو گیا اور ریڈار سے غائب ہو گیا۔
روسی حکام کو سرچ آپریشن کے بعد طیارے کا ملبہ ٹنڈا سے دس کلومیٹر کے فاصلے پر پہاڑی علاقے میں مل گیا۔ روس کی سرکاری خبر ایجنسی طاس کے مطابق کوئی مسافر زندہ نہیں بچ سکا۔
