نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے 19 تا 25جولائی تک ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کر دیا۔
اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ، اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر، اور بالائی پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال اورلینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں بشمول، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور، اور رحیم یار خان میں شدید بارشیں متوقع ہے۔
بارشوں میں اموات، مریم نواز نے امداد کا اعلان کر دیا
لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے اضلاع بشمول کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ، جامشورو، نوابشاہ اور میرپورخاص میں بارش کا امکان ہے۔
بارشوں کے باعث سندھ کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال، سڑکوں، گلیوں اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں، بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں۔
ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں۔
