خیبر پختونخوا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بلامقابلہ سینیٹ انتخاب پر اتفاق ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن اور حکومت کے درمیان 6،5 پر اتفاق ہوا ہے، آج اس کا باقاعدہ اعلان ہوگا، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اس معاہدے کو حتمی شکل دی گئی۔
معاملے پر رات گئے تک اپوزیشن اور حکومتی رہنماؤں کے درمیان اجلاس جاری رہا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا پور، عباد اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔
خیبر پختونخوا حکومت اور اپوزیشن میں طے پانے والے فارمولے کے تحت تحریک انصاف کو 6 اور اپوزیشن کو سینیٹ کی 5 نشستیں ملیں گی۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے طلحہٰ محمود، عطا الحق درویش، روبینہ خالد، دلاور خان اور نیاز احمد بلا مقابلہ سینیٹرز منتخب ہوں گے۔
جمشید دستی کی نااہلی کے بعد خالی سیٹ پرضمنی انتخاب 10 ستمبرکو ہوگا
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی، نورالحق قادری، اعظم سواتی اور روبینہ ناز بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے عرفان سلیم اور دیگر کورنگ امیدوار تاحال دستبردار نہیں ہوئے، سینیٹرز کے بلا مقابلہ انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار عرفان سلیم بڑی رکاوٹ ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عرفان سلیم گروپ سے آج پارٹی رہنماؤں کی ملاقات میں معاملات طے ہونے کا امکان ہے، گزشتہ شب پی ٹی آئی کے کورنگ امیدواروں کی سلمان اکرم راجہ سے ملاقات ہوئی تھی۔
