الیکشن کمیشن ، خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کیس کا فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں کی تقسیم کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مخصوص نشستوں پر ارکان کی بحالی کے معاملے کی چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی، جے یو آئی، اے این پی سمیت دیگر جماعتوں کے وکلا پیش ہوئے اور دلائل دیئے۔

نظر ثانی درخواستیں منظور،پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا فیصلہ کالعدم

پیپلز پارٹی کے وکیل نئیر بخاری نے مؤقف اپنایا کہ مخصوص نشستوں کی تقسیم کا معاملہ جے یو آئی اور ن لیگ کے درمیان ہے، ن لیگ کا دعویٰ ہمارے خلاف نہیں، یہ معاملہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ہے، ہمارا اس پر کوئی تنازع یا معاملہ نہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے وکیل نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں ہم ایک سیٹ جیتے ہیں، جب انتخابات ہوئے اس کے بعد کی صورتحال کے مطابق سیٹیں دی جانی چاہیے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق دو فیز میں نوٹیفکیشنز ہوئے، پہلے تو سنی اتحاد کونسل والا معاملہ حل نہیں ہوا تھا۔

مخصوص نشستیں، پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

ممبر سندھ نثار درانی نے کہا کہ اگر ضمنی انتخابات میں کسی جماعت کی سیٹیں کم ہو جائیں تو کیا مخصوص نشستیں کم ہو سکتی ہیں؟ وکیل پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے کہا کہ نہیں، مخصوص نشستیں واپس نہیں لی جا سکتیں، نوٹیفکیشنز کیساتھ دیکھا جائے تو ہماری دو مخصوص نشستیں بنتی ہیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی تقسیم کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔


متعلقہ خبریں