پاکستانیوں کے ویزا مسائل حل ہونے کا امکان، وزیر داخلہ محسن نقوی کی دورہ متحدہ عرب امارات میں نائب وزیراعظم یواے ای شیخ سیف بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی۔
وفاقی وزیر محسن نقوی کی یو اے ای وزارت داخلہ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، نائب وزیراعظم یواے ای شیخ سیف بن زاید النہیان نے محسن نقوی کا استقبال کیا۔
ملاقات میں پاکستانیوں کو درپیش یو اے ای ویزا کے ایشو پر تبادلہ خیال کیاگیا اور اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ہم اپنی سرزمین کو فتنۃ الہندُوستان اور اس کے سہولت کاروں سے ہر صورت پاک کریں گے، صدر
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن سے متعلق بھی بات چیت کی گئی، ملاقات میں سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور اے ای سے استفادہ کی ضرورت پرزور دیا گیا۔
پاکستانیوں کیلئے ویزامیں آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات پر اتفاق رائے بھی کیا گیا، شیخ سیف بن زاید النہیان نے محسن نقوی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی سمیت ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد یواے ای کی معیشت کی مضبوطی میں کردار ادا کر رہی ہے،ویزا پالیسی میں آسانی سے شہریوں کو بہت ریلیف ملے گا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے جرائم کی روک تھام کیلئے ابوظہبی پولیسنگ کے نظام اور آپریشنز روم کا دورہ کیا، محسن نقوی نے پولیس مانیٹرنگ کے نظام میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا اور پولیسنگ سسٹم کی تعریف کی۔
