محکمہ موسمیات نے ملک میں گرمی کی شدت میں اضافے کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 7جون سے 12 جون تک ملک میں گرمی کی شد ت زیادہ رہے گی، 7 جون کو ہوا کا زیادہ دباؤ ملک پر اثر انداز ہو گا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک، چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی
بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان میں درجہ حرارت 4 سے 6 فیصد زیادہ رہے گا۔
7 جون سے ملک میں ہوا کے دبائو میں اضافہ متوقع ہے جو 8 جون سے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا، 7 سے 12 جون تک وسطی و بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کے باعث گرد آلود اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، عوام ، خصوصاً بچے، خواتین اور بزرگ افراد سخت گرمی کے دوران احتیاط کریں۔ سورج کی براہِ راست روشنی سے بچیں اور زیادہ سے زیادہ پانی پئیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کسان اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی موسمی حالات کے مطابق کریں، شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے برف پگھلنے کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
