لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ثبوت ہونے کے باوجود کارروائی نہیں کی جاتی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے امریکہ اور کینیڈا میں سکھوں کی ٹارگٹ کلنگ کی۔ اور بھارت کے خلاف ثبوت ہونے کے باوجود کارروائی نہیں کی جاتی۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ بھارت کا فالس فلیگ آپریشن ہے۔ بھارت اور اسرائیل کا مائنڈ سیٹ بھی ایک جیسا ہے۔
غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ غزہ میں آج بدترین صورتحال ہے۔ اور اسرائیل غزہ میں جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ ایک طرف بمباری تو دوسری طرف بھوک ہے کوئی بھی آواز اٹھانے کو تیار نہیں ہے۔ کیونکہ کوئی بھی امریکہ کو ناراض نہیں کرنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ مسلسل اسرائیل کی سپورٹ کر رہا ہے۔ اسرائیل نے اپنی کابینہ سے منظوری لی کہ غزہ کو مکمل صاف کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر سے اکھٹے ہونے والی رقم پر تمام صوبوں کا حق ہے، سپریم کورٹ
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عالمی عدالت نے اسرائیل کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے لیکن کوئی کچھ نہیں کر رہا۔ جس اذیت میں فلسطینوں کو مبتلا کیا ہوا ہے یہ سپورٹ مجرمانہ فعل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کو بھی اسرائیلی سپورٹ پر عالمی عدالت میں گھسیٹنا چاہیے۔ اور افسوس ہے کہ او آئی سی جمع ہو کر صرف قرارداد پاس کرتی ہے۔