پی ٹی آئی احتجاج: علی امین گنڈاپور پنڈی نہ پہنچ سکے، برہان انٹرچینج سے واپسی کا اعلان

ALI AMEEN GANDA PUR

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پارٹی کے احتجاج میں شرکت کے لیے لیاقت باغ راولپنڈی نہ پہنچ سکے اور برہان انٹرچینج پر پھنس گئے جہاں انہوں ںے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا اور کارکنوں سے واپس جانے کی ہدایت کردی۔

ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے ہم نیوز کو بتایا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے آج اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کیا،انہوں نے ایک بار پھر موٹروے پر تمام رکاوٹیں عبور کرکے کارکنوں کے ساتھ اٹک پار پنجاب کی سرزمین پر احتجاج کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی نے 5 گھنٹے پوری پنجاب اور وفاقی انتظامیہ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، احتجاج کا وقت ختم ہونے پر وزیراعلی واپس روانہ ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی لیاقت باغ میں بھی احتجاج کا وقت ختم ہوا،اگلے ہفتے پھر احتجاج کیا جائیگا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے علی امین گنڈاپور کی واپسی کے اعلان پر شدید احتجاج کیا اور ارکان اسمبلی اور وزرا کے گاڑیوں کا گھیراؤ کرلیا۔ کارکنوں نے کہا کہ احتجاج کرکے واپس جائیں گے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے لیاقت باغ کے مقام پر احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا۔ پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان مختلف علاقوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف مقامات پر پی ٹی آئی کے کارکنوں پر شیلنگ بھی کی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور قافلے کے ساتھ راولپنڈی کے قریب پہنچے لیکن برہان پل پر بڑے کنٹینرز لگادیے گئے اور ان کے ٹائرز سے ہوا نکال دی گئی۔

راستہ نہ ہونے کے باعث قافلے میں شامل کئی گاڑیاں واپس ہوگئیں تھیں۔

راولپنڈی کے لوگوں نے پی ٹی آئی جلسے کو مسترد کردیا، مریم اورنگزیب

دوسری جانب سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے لوگوں نے پی ٹی آئی جلسے کو مسترد کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لکھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے راولپنڈی میں ہونے والے جلسے کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔

سیف سٹی کیمروں کی ویڈیو میں لوکیشن اور وقت کے ساتھ واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ دور دور تک جلسہ گاہ میں لوگ موجود ہی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام مریم نواز پر اعتماد کا اظہار کررہے ہیں اور اپنی وزیراعلی کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جبکہ ملک میں انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا ہے، ابھی تو آغاز ہے الحمدللہ۔

 

 


متعلقہ خبریں