جڑواں شہروں سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں اور بالائی خیبرپختونخوا میں بادل کُھل کر برس پڑے، کراچی میں کل سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا۔ بارش سے کئی شہری علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ کئی علاقوں کے متعدد فیڈر ٹرپ کرنے سے بجلی منقطع ہوگئی۔
پنجاب میں مون سون بارشوں کا پانچواں سپیل 31 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی
لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک ساتھ بادل برسے۔ مینار پاکستان اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں بھی بارش ہوئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
اسی طرح آزاد کشمیر، بھمبر اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کوہاٹ میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ صوابی اور گردونواح میں بھی بادل جم کر برسے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات کی طرف سے مون سون ہواؤں کے باعث آج سے بدھ تک ملک میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آج کشمیر، اسلام آباد، پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایران، ہیٹ ویو کے باعث سرکاری اداروں اور بینکوں میں تعطیل
محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ سندھ کے ضلع سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اُدھر پشاور شہر اور گردونواح میں آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔ رواں ہفتے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں تیز بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
