صدر مملکت آصف علی زرداری نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو شہر کے مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق مرتضیٰ وہاب صدر مملکت سے ملاقات کے لیے آج اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تجاویز پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں میگا اسکیموں اور پانی کی فراہمی پر میئر کراچی صدر آصف علی زرداری کو بریفنگ دی جائے گی۔
بڑے کاشتکاروں پر ٹیکس لگے گا یہ آئی ایم ایف کی شرط ہے، آصف علی زرداری
صدر مملکت اور میئر کراچی کی ملاقات پیر کے روز ایوان صدر میں شیڈول ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو روز سے کراچی میں جاری بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا۔ اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ہیوی مشینری موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے ٹھکرائے ہوئے لوگوں کا بلاوجہ تنقید کرنا وتیرہ بن چکا ہے۔ بیان دینے والوں کو کہیں بارش کا پانی نظر نہیں آیا مگر عوام کو گمراہ کرنا فرض سمجھتے ہیں۔
