کیا بھارت آئی سی سی ایونٹس میں ‘چوکرز’ کا لیبل ہٹانے میں کامیاب ہوپائے گا؟

بھارت

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں دفاعی چیمپیئنز انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچنے والی بھارتی ٹیم میگا ایونٹس کے اہم میچز میں شکست کھانے کی تاریخ رکھتی ہے۔

ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے نویں ایڈیشن میں گزشتہ روز بھارت اور انگلیںڈ کے درمیان دوسرا سیمی فائنل کھیلا گیا۔ بھارت نے یک طرفہ مقابلے میں انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔

صرف یہی نہیں بھارتی ٹیم ورلڈکپ میں اب تک ناقابلِ شکست رہنے کی وجہ سے ورلڈ چیمپیئن بننے کے لیے فیورٹ نظر آرہی ہے۔ تاہم بھارت آئی سی سی ایونٹس کے بڑے میچز میں شکست کھانے کی ایک تاریخ رکھتا ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ دوسرا سیمی فائنل، بھارت نے انگلینڈ کو شکست دے دی

گزشتہ سال ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں ٹیبل ٹاپرز رہنے والی بھارتی ٹیم فائنل تک تو پہنچی لیکن آسٹریلیا نے بھارت کی ٹرافی جیتنے کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے بھارتی سرزمین پر فتح حاصل کی۔

اسی طرح 2015 کے ورلڈکپ کی بات کی جائے تو بھارت ‘پول بی’ میں 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل ٹاپرز تھا۔ 2019 کے ورلڈکپ میں بھی بھارت نے 15 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ بھارت ان دونوں ورلڈکپ میں ٹاپ آف دی ٹیبل ہونے کے باوجود سیمی فائنل میں ٹورنامںٹ سے باہر ہوگیا تھا۔ 2015 میں آسٹریلیا اور 2019 میں نیوزی لینڈ نے بھارتی ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا تھا۔

بھارتی ٹیم آئی سی سی ایونٹس میں ‘چوکرز’ کا لیبل ہٹانے میں پھر ناکام

بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں اپنا اہم اور آخری میچ کل جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔ بھارت کے پاس اس ورلڈکپ میں ‘چوکرز’ کا لیبل ہٹانے کا ایک اور بہترین موقع ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی ٹیم اپنی آخری آئی سی سی ٹرافی 2013 میں جیتی تھی جس کے بعد اب تک بھارتی سورما کسی میگا ایونٹ میں ٹرافی اپنے نام نہیں کرپائے۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں