پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، 100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 53 ہزار 259 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں عام انتخابات کی تاریخ دینے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس تقریباً 2 بج کر 8 منٹ پر 322 پوائنٹس یا 0.61 فیصد اضافے کے بعد 52 ہزار 664 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 52 ہزار 342 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
انٹربینک میں ڈالر 283 روپے 25پیسےکا ہو گیا
یہ پیش رفت الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 11 فروری کو کرانے کی یقین دہانی کے بعد سامنے آئی، جس سے سیاسی استحکام کا عندیہ ملتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کے اعلان کے بعد مسلسل چار روز سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان جاری ہے۔
اس کے علاوہ اکتوبر میں مہنگائی 26.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ مستقبل قریب میں مہنگائی کم ہوگی۔
