اسلام آباد: عام انتخابات 2018 کے لئے تحریک انصاف کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کی جانب سے مزید ٹکٹ جاری کردیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے این اے 72 سیالکوٹ سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان الیکشن لڑیں گی جبکہ شہریار آفریدی، شوکت یوسفزئی اورحمیدہ شاہد کو بھی پارٹی ٹکٹس دے دی گئی ہیں۔
شہریارآفریدی کوہاٹ سے قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے جبکہ شوکت یوسفزئی شانگلہ سے صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے میدان میں اتریں گے۔
حمیدہ شاہد دیر سے صوبائی اسمبلی کی نشست کے لئے امیدوار ہیں، اپر دیر کے اس حلقے میں خواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی لیکن اس مرتبہ تحریک انصاف نے یہاں سے کسی مرد کی بجائے خاتون امیدوار کو میدان میں اتارا ہے۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے امیدواروں کی انتخابی فہرست جاری کی ہے۔
فہرست کے مطابق عمران خان کراچی، لاہور، اسلام آباد، بنوں اور میانوالی سے الیکشن میں حصہ لیں گے، چئیرمین تحریک انصاف کراچی سے این اے 243، بنوں سے این اے 65 ، اسلام آباد سے این اے 53 ، میانوالی سے این اے 95 اور لاہور سے این اے 131 سے انتخاب لڑیں گے۔
