لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ معیشت سنبھالنے کے دعویدار آج خود اغیار کے پاؤں میں گرے ہوئے ہیں۔
جنیوا کانفرنس، پاکستان کیلئے ساڑھے 8 ارب ڈالرز سے زائد کی امداد
سابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے زمان پارک میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر راسخ الٰہی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ سیاسی صورتحال، عوامی ایشوز اور آٹے کی دستیابی سمیت دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات بھی زیر غور آئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ق لیگ کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی بات چیت میں اعتماد کے ووٹ کی حکمت عملی سمیت پنجاب اسمبلی کے اجلاس پر بھی گفت و شنید کی گئی۔
عمران خان نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی ٹولے نے چند ماہ میں معیشت تباہ کر دی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ لاؤ لشکر سمیت جنیوا جا کر بھیک مانگتے ہوئے انہیں شرم نہیں آتی؟
پاکستان کے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، عالمی برادری مدد کرے، انتونیو گوتریس
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نااہل اور نالائق ٹولہ جنیوا سے بھی خالی ہاتھ واپس لوٹے گا۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج معیشت نہ سنبھلی تو کل اس کا نقصان ریاست کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ڈائرکیشن مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے سابق وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ آٹے کی سپلائی کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ دوگنا کر دیا ہے، ملک پر مسلط بے حس ٹولے نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، یہ لوگ این آراو کے ذریعے اپنے آپ کو کلیئر کرانے میں لگے ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ہر فیصلے میں ساتھ کھڑے رہیں گے، ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، عمران خان نے مخالفین کی سیاست کو زیرو کر دیا ہے، 13 جماعتوں پر مشتمل حکومتی اتحاد بھکاریوں کا ٹولہ بن چکا ہے۔
جنیوا کانفرنس سے پیسے تو آئے نہیں، کئی لاکھ ڈالرز دورے پر لگ گئے، فواد چودھری
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یہ سب مل کر بھیک مانگ رہے ہیں لیکن کوئی انہیں کچھ دینے کو تیار نہیں، مالیاتی اداروں کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے، ہمارے ہر اقدام کا محورعام آدمی کی فلاح وبہبود ہے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
